سینیٹ میں نہروں کے تنازعے پر اپوزیشن اور حکومت آمنے سامنے،

سینیٹ میں نہروں کے تنازعے پر اپوزیشن اور حکومت آمنے سامنے، پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے موقف کو منافقت قرار دے دیا۔ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا، صوبوں کا استحصال ہو رہا ہے، وفاق سنجیدہ کردار ادا کرے۔ پیپلز پارٹی نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ سینیٹ کی خالی نشست پر الیکشن کے لیے چیئرمین سینیٹ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھنے کی یقین دہانی کرا دی

چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں نہروں کے تنازعے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ سندھ میں پانی کا بحران سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، اور پیپلز پارٹی کا مؤقف تضاد کا شکار ہے۔ صدر مملکت نے پہلے حمایت کی، پھر خطاب میں مخالفت کر دی۔ پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے، وفاق کو فوری حکمت عملی بنانی چاہیے۔ سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفے سے خالی نشست پر انتخاب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی نمائندگی نہ ہونا آئین کے آرٹیکل انسٹھ، ساٹھ اور دو سو اٹھارہ کی خلاف ورزی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ نشست خالی ہو چکی، معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا ہے اور باقاعدہ خط بھی لکھا جائے گا۔ اپوزیشن نے ایوان میں پانی چوری نامنظور کے نعرے لگائے، جے یو آئی ف بھی پی ٹی آئی کے ساتھ احتجاج میں شامل رہی،، جبکہ پیپلز پارٹی کے اکثر اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ اجلاس کے دوران دو بار کورم کی نشاندہی ہوئی،، کورم نامکمل ہونے پر اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں