پاکستان کے افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی محترم محمد صادق خان نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان ہم آہنگی کے لیے قائم مشترکہ کمیٹی (JCC) کے سربراہ کی حیثیت سے امارت اسلامی افغانستان کے وزیر خارجہ محترم مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے موجودہ صورتِ حال پر تفصیل سے گفتگو کی، افغانستان اور پاکستان کے تعلقات، دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور بالخصوص حالیہ دنوں میں افغان مہاجرین کے جبری انخلا پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
محترم مولوی امیر خان متقی نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ باہمی اعتماد کے ماحول میں اپنے مسائل بات چیت کے ذریعے حل کریں، اور ایسے تمام اقدامات اور بیانات سے گریز کریں جو عوامی ناراضگی اور جذبات کے بھڑکنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
پاکستانی وفد کے سربراہ محترم صادق خان نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، اور اس پر غور ہونا چاہیے کہ ابھرنے والے مسائل کو کس طرح حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عنقریب پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ جناب محمد اسحاق ڈار کابل کا دورہ کریں گے، اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں فریقین کے لیے مثبت نتائج کا حامل ہوگا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس نوعیت کی نشستوں کے تسلسل کو ضروری قرار دیا۔
افغان مہاجرین کے بحران اور تجارت و ٹرانزٹ میں مشکلات، امارت اسلامی کا وفد پاکستان روانہ
کابل (بی این اے) افغانستان کے وزیر صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر روانہ ہو گئے۔
باختر ایجنسی نے وزارت صنعت و تجارت کے اعلامیے کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس وفد میں نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور دفتر، سرمایہ کاری میں سہولت کاری کے ادارے، وزارت خارجہ، مالیات، مہاجرین و واپس آنے والوں کے امور، ٹرانسپورٹ و سول ایوی ایشن، زراعت، آبپاشی و مالداری، اور نجی شعبے کے نمائندے شامل ہیں۔
وفد کے اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ترانزٹ، اور ٹرانسپورٹ کے راستے میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینا اور ان کا حل تلاش کرنا، نیز پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین سے متعلق مسائل پر بات چیت کرنا بتایا گیا ہے۔