فراہ (بی این اے) وزارت شہری ترقی و رہائش نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ فراہ میں واپس آنے والے افغان مہاجرین کے لیے زمین کی تقسیم کے سلسلے میں فارموں کے اندراج کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
محکمہ شہری ترقی و رہائش فراہ کے سربراہ مولوی نصراللہ استقلال کے مطابق ہمسایہ ممالک سے وطن واپس آنے والے مستحق مہاجرین کے لیے فارم پر کرنے کا عمل متعلقہ اداروں کے تعاون اور ایک خصوصی کمیٹی کی نگرانی میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام درخواستیں شفاف اور منظم طریقے سے جانچی جائیں گی، اور صرف اہل افراد کو زمین فراہم کی جائے گی۔
درخواست دہندگان وزارت امور مہاجرین کی جانب سے جاری کردہ سرکاری فارم کے مطابق، ذاتی طور پر محکمہ شہری ترقی کے دفتر سے رجوع کر رہے ہیں۔ مطلوبہ اسناد کے بعد فارم مکمل کیے جاتے ہیں اور حتمی منظوری کے لیے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیے جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل میں شفافیت، عدل اور تیزی کو یقینی بنانے کے لیے کمیٹی کے تمام ارکان متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
سالنگ ٹنل کی مرمت اور نئے ٹنل کی تعمیر پر افغانستان اور روس کے درمیان بات چیت
کابل (بی این اے) وزیر پبلک ورکس ملا محمد عیسیٰ ثانی سے کابل میں روسی سفیر دیمتری ژیرنوف نے ملاقات کی، جس میں سالنگ ٹنل کی مرمت، نئے ٹنل کی تعمیر اور دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزارت پبلک ورکس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین نے سڑک سازی اور ریل پٹڑی کے شعبے میں روس سے آلات، مشینری، تارکول، تعمیراتی مواد اور دیگر ضروری سامان کی خریداری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر پبلک ورکس نے افغانستان اور روس کے درمیان دیرینہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو سراہتے ہوئے روسی حکومت کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔
روسی سفیر دیمتری ژیرنوف نے افغانستان کے ساتھ مذکورہ تمام شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ روس ان منصوبوں میں مکمل اشتراک کے لیے تیار ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اقتصادی و تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا، اس سلسلے میں وزارت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد روس کا دورہ کرے گا۔
پاکستان کی سیکیورٹی مسائل اس کا داخلی معاملہ ہے، افغانستان ذمہ دار نہیں: امارتِ اسلامیہ
کابل (بی این اے) امارتِ اسلامیہ افغانستان نے پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اس کا داخلی مسئلہ ہے اور ان کے لیے افغانستان کو موردِ الزام ٹھہرانا غیرمنصفانہ ہے۔
امارتِ اسلامیہ کے نائب ترجمان ملا حمداللہ فطرت نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کی جانب سے یہ کہنا کہ مبینہ طور پر مسلح گروہ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں، حقیقت کے برخلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان، پاکستان کے سیکیورٹی مسائل کا ذمہ دار نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارتِ اسلامیہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتی، اور افغانستان میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو اپنے داخلی مسائل پر توجہ دینی چاہیے اور خطے کے استحکام کے لیے تعمیری رویہ اپنانا چاہیے۔
ملا حمد اللہ فطرت نے زور دیا کہ افغانستان پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور کسی بھی ملک میں مداخلت پر یقین نہیں رکھتا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ ایسے بیانات کا نوٹس لے جو دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔.
مہاجرین واپسی کی دوسری لہر میں طورخم کے راستے اب تک 8 ہزار افغان خاندان وطن واپس لوٹ آئے ہیں
کابل (بی این اے) طورخم عمری کیمپ کے حکام کے مطابق، پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی دوسری مرحلہ وار جبری واپسی کے بعد اب تک تقریباً 8 ہزار خاندان افغانستان واپس آ چکے ہیں۔
کیمپ کے اطلاعاتی شعبے کے سربراہ مولوی صدیق اللہ قریشی نے باختر خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ طورخم عمری کیمپ میں 12 فعال کمیٹیاں چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہی ہیں تاکہ وطن واپس آنے والے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ان کے مطابق، یہ کمیٹیاں معلومات و عوامی آگاہی، صحت، ٹرانسپورٹ، رابطہ، عارضی رہائش، روزگار، زمین کی تقسیم، مذہبی امور، تعلیم، مالیات، سیکیورٹی، امدادی خدمات کی فراہمی، اور رجسٹریشن و استقبالیہ جیسے شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔
مولوی قریشی نے مزید بتایا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ متعدد فلاحی تنظیمیں بھی مہاجرین کو مختلف اقسام کی امداد اور سہولیات فراہم کر رہی ہیں، تاکہ ان کی واپسی کا عمل باعزت اور مؤثر طریقے سے مکمل ہو۔
افغانی کے مقابلے میں کچھ غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتیں
کابل (بی این اے) د افغانستان بانک کے ترجمان حسیب اللہ نوری نے باختر ایجنسی کو بتایا کہ آج افغانی کے مقابلے میں بعض غیر ملکی کرنسیوں کی قدر درج ذیل ہے:
ایک امریکی ڈالر: خرید 72.38 افغانی، فروخت 72.58 افغانی
ایک یورو: خرید 80.64 افغانی، فروخت 81.24 افغانی
ایک برطانوی پاؤنڈ: خرید 92.59 افغانی، فروخت 93.39 افغانی
ایک ہزار بھارتی روپے: خرید 800 افغانی، فروخت 810 افغانی
ایک ہزار پاکستانی روپے: خرید 250 افغانی، فروخت 258 افغانی
ایک اماراتی درہم: خرید 19.55 افغانی، فروخت 19.65 افغانی
ایک سعودی ریال: خرید 19.05 افغانی، فروخت 19.15 افغانی
ایک ہزار ایرانی تومان: خرید 0.810 افغانی، فروخت 0.830 افغانی
حسیب اللہ نوری کے مطابق کرنسی کے نرخ مسلسل تبدیلی کے زیرِ اثر ہوتے ہیں۔
تورخم میں واپس آنے والے افغان مہاجرین کے لیے پہلی بار رہنما کتابچے تقسیم
کابل، ۲۶ حمل (باختر)
تورخم میں واپس آنے والے افغان مہاجرین کی راہنمائی اور سہولت کے لیے پہلی مرتبہ ایک رہنما کتابچہ (گائیڈ لائن) تیار کر کے تقسیم کیا گیا ہے۔
اطلاعات و عامہ پوہاوۍ (عوامی آگاہی) کے لیے قائم کمیٹی کے مقامی سربراہ مولوی صدیق اللہ قریشی بدلون نے باختر خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ یہ کتابچہ ہر اُس افغان خاندان کو سرحدی لائن پر دیا جا رہا ہے جو وطن واپس آ رہے، تاکہ وہ اس کے مطابق اپنی کارروائیاں انجام دے سکیں اور معلومات کی کمی محسوس نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واپسی کے عمل میں مہاجر خاندانوں کو درپیش مسائل کے حل اور عوامی آگاہی کے لیے بھی سرحدی لائن پر معلوماتی تحریریں نصب کی گئی ہیں، تاکہ ہر خاندان دستیاب سہولیات سے واقف ہو اور اپنا عمل با آسانی مکمل کر سکے۔
اسی طرح فرضی سرحدی لائن اور عمری کیمپ میں عوامی آگاہی اور معلومات کی فراہمی کے لیے چار ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں، جو مہاجر خاندانوں کو بروقت ضروری معلومات فراہم کر رہی ہیں۔