*مارشل آرٹ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام “سیونتھ ایشین ٹائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ” کی شاندار افتتاحی تقریب*
اسلام آباد ( ) لیاقت جمنازیم، آبپارہ میں “مارشل آرٹ فیڈریشن” کے صدر کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ کی سرپرستی میں “سیونتھ ایشین ٹائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ” کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس پُروقار تقریب میں فلسطین، کوریا، اور قازکستان کے سفارتکاروں سمیت سیکٹر کمانڈر رینجرز اسلام آباد، بریگیڈیئر غضنفر، اور تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ و لیگل ایڈوائزر چوہدری رضوان احمد سیفی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے بھی بھرپور شرکت کی، جبکہ بیس ممالک کی ٹائیکوانڈو ٹیموں نے اس بین الاقوامی چیمپئن شپ میں اپنی مہارت کے جوہر دکھائے۔
افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف مقابلوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ چیمپئن شپ کی رونمائی تقریب بھی شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جہاں چیمپئن ٹرافی کی نقاب کشائی کی گئی۔ قومی ترانے کی گونج میں تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
اختتامی لمحات میں چوہدری رضوان احمد سیفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے “مارشل آرٹ فیڈریشن” کے صدر کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ کو اس شاندار ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی صحت قومی ترقی اور شعوری بیداری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اور ایسے کھیلوں کے مقابلے صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ ایونٹ نہ صرف ایک شاندار کھیلوں کی سرگرمی تھی بلکہ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کی ایک بہترین مثال بھی تھا۔