*صحافیوں کو نشانہ بنانا آزادیٔ اظہار رائے کے خلاف ہے – عوام پاکستان*
اسلام آباد: عوام پاکستان کے کنوینر شاہد خاقان عباسی اور سینئر رہنما سردار مہتاب احمد خان نے ایف آئی اے کی جانب سے سینئر صحافی جناب محسن رضا اور شمشاد مانگھٹ کو طلبی کا نوٹس جاری کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس نوٹس میں حکومتی اداروں، پاکستان ٹیلی ویژن کے افسران، اور وزارت اطلاعات کی سینئر بیوروکریسی کے بارے میں ان کے سوالات پر اعتراض کیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس اقدام کو آئینی حقوق کی خلاف ورزی اور آزادیٔ اظہار رائے پر قدغن قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا کام حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور اختیارات کے ناجائز استعمال، بے قاعدگی یا قانون شکنی کی نشاندہی کرنا ہے۔ حکومت کو صحافیوں کی آواز کو دبانے کے بجائے ان معاملات کی تحقیقات کا حکم دینا چاہیے۔ ایسے انتقامی اقدامات کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہیں۔
عوام پاکستان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر یہ نوٹس واپس لے اور سینئر صحافی محسن رضا اور شمشاد مانگھٹ سے معذرت کرے۔ مزید برآں، انہوں نے صحافتی تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیمیں آزادیٔ اظہار رائے اور صحافت کے تحفظ کے لیے ہمیشہ صف اول میں رہتی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی اور سردار مہتاب احمد خان نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ آئینی حدود کا احترام کرے اور صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے گریز کرے۔ آزادیٔ اظہار رائے ایک بنیادی انسانی حق ہے جسے کسی بھی صورت محدود نہیں کیا جا سکتا۔
مرکزی سیکریٹیریٹ
عوام پاکستان
