عوام پاکستان کا انٹرنیٹ خرابی ، عدم فراہمی ،سست روی پر اظہار تشویش
انٹرنیٹ تک رسائی روک کر حکومت ہماری قوم کی فکری اور تعلیمی ترقی کو روک رہی ہے، معلومات کے بہاﺅ کو کنٹرول کرنے اور سنسر کرنے کی حکومتی کوششیں آمرانہ انداز سے کم نہیں ہیں،یہ ہماری جمہوریت کے تانے بانے کیلئے خطرہ ہیں، حکومت پاکستان فوری طور پر ان سخت پابندیوں کو ختم کرے ، انٹرنیٹ کی عوام تک مکمل رسائی کو بلاورکاوٹ بحال کرے ورنہ عوام حکومت کے ایسے اوچھے اقدامات پر خاموش نہیں رہیں گے، اعلامیہ
” عوام پاکستان” نے حالیہ دنوں میں پاکستان میں انٹرنیٹ کی خرابی ، تسلسل سے عدم فراہمی اورسست روی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ تک رسائی روک کر حکومت ہماری قوم کی فکری اور تعلیمی ترقی کو روک رہی ہے، معلومات کے بہاﺅ کو کنٹرول کرنے اور سنسر کرنے کی حکومتی کوششیں آمرانہ انداز سے کم نہیں ہیں،یہ ہماری جمہوریت کے تانے بانے کیلئے خطرہ ہیں، حکومت پاکستان فوری طور پر ان سخت پابندیوں کو ختم کرے ، انٹرنیٹ کی عوام تک مکمل رسائی کو بلاورکاوٹ بحال کرے ورنہ عوام حکومت کے ایسے اوچھے اقدامات پر خاموش نہیں رہیں گے۔ ہفتہ کو “عوام پاکستان” کے قومی ترجمان ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دونوں میں پاکستان میں انٹر نیٹ کی خرابی اور ملک بھر میں تسلسل سے عدم فراہمی ، اور جان بوجھ کر سست روی کے حوالے سے ”عوام پاکستان“ شدید مذمت کرتی ہے، حکومت کا یہ ڈھٹائی کا کام نہ صرف معاشی سرگرمیوں، خاص طور پر فری لانس کام کرنے والوں کو اور کاروباری آپریشنز کو متاثر کرتا ہے ، بلکہ یہ حکومت کے ایک گہرے اورخطرناک ایجنڈے کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت کے سیکورٹی اور نگرانی کو بڑھانے کے اس فیصلے نے ملک کی ڈیجیٹل معیشت کو شدید طور پر مفلوج کر دیا ہے، شپنگ سے لے کر بر آمدات اور مینوفیکچرنگ تک اس خلل کے مضمرات محض معاشی تکلیف سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علمی حصول، تحقیق، تدریس، اور اہم علمی وسائل تک رسائی پر اسکا شدید اثر پڑا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انٹر نیٹ تک رسائی کو روک کر ، حکومت ہماری قوم کی فکری اور تعلیمی ترقی کو روک رہی ہے، جو ہمارے نوجوانوں اور پورے ملک کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فائر وال کا متعارف کرانا ، بظاہر اس سست روی کی وجہ ، ریاستی نگرانی میں خطرناک حد تک اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ اقدام، سوچ اور آزادی اظہار رائے پر براہ راست حملہ ہے، جو کہ ہر انسان کے بنیادی حقوق ہیں جن پر کسی بھی جمہوری معاشرے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ معلومات کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے اور سنسر کرنے کی حکومتی کوششیں آمرانہ انداز سے کم نہیں ہیں، اور یہ ہماری جمہوریت کے تانے بانے کے لیے خطرہ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے دوراہے پر کھڑاہے جہاں قیادت کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ آیا وہ جبر اور کنٹرول کے اس راستے کو جاری رکھے گی یا وہ آزادی اظہار رائے کے اصولوں کو اپنائے گی جو معاشی خوشحالی اور سماجی ترقی کےلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت بالکل واضح ہے، پاکستان ان آزادیوں کے بغیر معاشی ترقی نہیں کر سکتا جو جدت اور تجارت کو فروغ دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت فوری طور پر ان سخت پابندیوں کو ختم کرے، انٹر نیٹ کی عوام تک مکمل رسائی کو بلارکاوٹ بحال کرے اور اپنے شہریوں کے حقوق سلب کرنے کی کوششیں بند کرے۔ حکومت کے ایسے اوچھے اقدامات پر پاکستان کے عوام خاموش نہیں رہیں گے جن سے انکی سیکورٹی اور کنٹرول کی آڑ میں ان کی آزادیوں کوسلب کیا جارہا ہے۔
٭٭٭٭٭
