فون ٹیپ کرنا پاکستانیوں کے بنیادی حقوق میں مداخلت ہے، کیسا نظام ہے جمہوریت کے چیمپیئن کہلانے والے یہ اجازت دے رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ انسان کی پرائیویسی میں اداروں کو مداخلت کی اجازت کہاں کا انصاف ہے، فون ٹیپ کرنا پاکستانیوں کے بنیادی حقوق میں مداخلت ہے، کیسا نظام ہے جمہوریت کے چیمپیئن کہلانے والے یہ اجازت دے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی جعلی جمہوریت کے دعویداروں، انگریز کے ایجنٹوں سے ملک کو آزاد کرائے گی، حقیقی جمہوریت بحال کرائیں گے، 12جولائی کا اسلام آباد دھرنا عوام کے حقوق کے لیے، مہنگی بجلی، ناجائز ٹیکسز کے خلاف ہے، بونیر کے عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو دعوت دیتا ہوں اپنے حقوق کے لیے دھرنا میں شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کالج گراؤنڈ بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر ابراہیم، سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع اور امیر ضلع حلیم باچہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جلسہ عام میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
امیر جماعت نے کہا کہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور ایم کیو ایم نے عوام کو بے وقوف بنانے کا تماشا لگا رکھا ہے، آج کا نوجوان ان کی قلابازیاں سمجھتا ہے، حکمران سوشل میڈیا اور آزادی اظہار رائے پر پابندیاں لگا کر نوجوانوں کو دبانے کی جتنی بھی کوششیں کر لیں، کامیاب نہیں ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی پرویز مشرف کی امریکی جنگ میں شرکت کا نتیجہ ہے، ماضی کے ملٹری آپریشنز اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے، کوئی بھی نیا آپریشن عوام اور فوج میں مزید دوریاں پیدا کرے گا، دہشت گردی میں اضافہ ہو گا۔ آپریشن نہ کرو، ہوش کے ناخن لو، دہشت گردی کے اسباب پر غور کیا جائے، پاکستان اور افغانستان خطے میں امن کے لیے مذاکرات کریں، عوام کو صحت، تعلیم کی سہولیات دی جائیں، مہنگائی کم کریں، نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں، آپریشن کی بجائے کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کی جائے، بھارت کی مداخلت کو روکا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی کے آپریشنز کے نتیجہ میں ملک غیر ملکی ایجنسیوں کا اکھاڑہ بن گیا دہشت گرد کا رروائیوں میں ایک لاکھ پاکستانی شہید ہوئے، چند لوگ امریکی غلامی اور کرپشن کی وجہ سے فوج کی بدنامی کا سبب بنے۔
امیر جماعت نے کہا کہ بجٹ آئی ایم ایف کا ایجنڈا ہے، وزیراعظم میں شرم محسوس کرنے کی بجائے فخریہ طور پر اس کا اعلان کیا، حکومت نے تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی، جاگیرداروں سے کوئی ٹیکس نہیں لیتا، مراعات یافتہ طبقہ کی لوٹ مار اور کرپشن جاری ہے، بجلی، گیس کے ٹیرف میں بے انتہا اضافہ کر دیا گیا، پٹرولیم لیوی بڑھا دی گئی، حکومت نااہل اور جعلی ہے، طاقتور افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی بجائے جو پہلے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر بوجھ ڈال دیا گیا۔ فارم 47والے آئی پی پیز کو نواز اور عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، آئی پی پیز کو بجلی نہ بنانے کے عوض اربوں روپے ادا کیے جا رہے ہیں، آئی پی پیز کے مالکان ماضی اور موجودہ حکومت کا حصہ ہیں۔ حکمرانوں نے ملک کی معیشت تباہ کی، پاکستان اسلام کے نام پر بنا، مگر عدل و انصاف، بنیادی سہولتیں 77سالوں بعد بھی عوام کو میسر نہیں، سودی معیشت جاری ہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد اس پاکستان کے حصول کے لیے ہے جس کی خاطر ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود ہر شعبہ میں عوام کی خدمت کر رہی ہے، ہم نے نوجوانوں کو فری آئی ٹی ٹریننگ دینے کے لیے کراچی کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی ”بنوقابل پروگرام“ کا آغاز کر دیا، پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں وسیع کریں گے، لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں