ایگری کلچرل ریسرچ سینٹر کی 20 ایکٹر سے زائد اراضی پر قبضہ
اراضی پر قبضے کیلئے بھاری مشینری درجنوں مزدور اور اینٹیں پہنچادی گئیں
سینٹر انتظامیہ نے متعلقہ تھانہ میں رپورٹ درج کرادی، حکومت نجی ہسپتال کو اراضی دینا چاہتی ہے
کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر واقع بلوچستان ایگری کلچرل ریسرچ سینٹر کی 20 ایکڑ سے زائد زمین پر قبضہ کیلئے بھاری مشینری، درجنوں مزدورا ور اینٹیں پہنچادی گئیں،20 ایکڑ سے زائد زمین کو ارب پتی تاجر اور ایک اعلیٰ سرکاری آفیسر کے ایماء پر حکومتی آشیرباد سے آریا ہسپتال میں شامل کیا جارہا ہے،باوثوق ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر واقع 65 ایکڑ پر محیط بلوچستان ایگری کلچرل ریسرچ سینٹر جہاں زرعی اجناس جن میں بیج، کھاد، گندم، زیتون، جو ودیگر شامل ہیں پر ریسرچ کی جاتی ہے سینٹر کی 20 ایکڑ سے زائد زمین جہاں زیتون کے درخت کاشت کئے گئے ہیں ہفتے کی صبح غیر متعلقہ افراد نے وہاں سے ادارہ کے سیکورٹی گارڈزکو باہر نکال کر زمین پر قبضہ کرکے بھاری مشینری، درجنوں مزدور اور اینٹیں پہنچادیں اطلاع ملنے پر سینٹر کی انتظامیہ نے متعلقہ پولیس تھانہ جاکر واقعہ سے متعلق رپورٹ درج کرائی پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں تعمیراتی کام شروع کردیا گیا تھا۔ سینٹر انتظامیہ کے مطابق 65 ایکڑ پر محیط اراضی اس وقت کے وفاقی وزیر زراعت شہید نواب غوث بخش خان رئیسانی نے لیز پر حاصل کی تھی تاہم موجودہ حکومت مذکورہ اراضی کو ایک نجی ہسپتال کو لیز پر دینا چاہتی ہے جو سراسر غیر آئینی ہے، لیز پر حاصل کی گئی زمین لیز پر کیسے دی جاسکتی ہے۔