31

بھارت جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے اداروں اور عوام کو مل کر اقدامات کا نفاذ یقینی بنانا ہے عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ عوام کا رضا کارانہ طورپرکورونا ویکسین لگوانا خوش آئند قدم ہے، ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا شیخ رشید، اسد عمر، حماد اظہر، اعظم خان سواتی، ڈاکٹر فیصل سلطان، محمد شہزاد ارباب اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو این سی او سی کی طرف سے ویکسینیشن مہم کے اعشاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت تک ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ سرکاری اور نجی ادارے اپنے 100 فیصد ملازمین کو ویکسین فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ویکسین سینٹرز کی استعداد بڑھانے کے ساتھ موبائل ٹیموں کی تشکیل آخری مراحل میں ہے۔ وزارتِ تعلیم کے تحت سرکاری اور نجی اداروں کے 50 فیصد سے زائد ملازمین کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔اس کے علاوہ ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد دوگنا، موبائل ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 600 کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں کو ویکسینیشن سینٹرز کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔وز یراعظم عمران خان نے ویکسنیشن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو تسلی بخش قراردیتے ہوئے کہا کہ بروقت ویکسینیشن اورایس او پیزپرعملدرآمد سے ہی اس وبا پرقابو پایا جاسکتا ہے اورعوام کا رضا کارانہ طورپرویکسین لگواناخوش آئند قدم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ رضاکارانہ ویکسین لگوانے کی نظیر ترقی یافتہ ممالک میں بھی کم ہی ملتی ہے۔ بھارت جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے اداروں اور عوام کو مل کر اقدامات کا نفاذ یقینی بنانا ہے۔دوسری جانب ملک بھرمیں کورونا کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کے لیے ویکسی نیشن کی قومی مہم بھی جاری ہے، گزشتہ روز تک ملک بھرمیں ایک کروڑ6 لاکھ 96 ہزار402 افراد کو ویکسین لگادی گئی ہے، جن میں سے 28 لاکھ 83 ہزارسے زائد کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں جبکہ 54 لاکھ 39 سے زائد افراد کو ایک خوراک لگادی گئی ہے

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں