42

یکساں رمضان و عیدین کے انعقاد پر یکجہتی اور اتفاق رائے کیلئے حکومت سرگرم عمل ہے: پیر نور الحق قادری

یکساں رمضان و عیدین کے انعقاد پر یکجہتی اور اتفاق رائے کیلئے حکومت سرگرم عمل ہے: پیر نور الحق قادری
وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی، سپارکو، محکمہ موسمیات،
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ، صوبائی محکموں اور نجی کمیٹیوں کے نمائندے شریک
(اسلام آباد: 31 مارچ، 2021) یکساں رمضان و عیدین کے انعقاد پر یکجہتی اور اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے حکومت سرگرم عمل ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے رمضان و عیدین پر اتفاق رائے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزارتِ مذہبی امور میں منعقدہ اجلاس میں مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی، سپارکو، محکمہ موسمیات، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ، صوبائی محکمہ اوقاف کے افسران اور نجی رویت ہلال کمیٹیوں کے نمائندے شریک تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک اور عیدین کے اعلان کے حوالے سے اختلافات کی خبریں سامنے آتیں ہیں۔ انہی اختلافات کو ختم کرنے کیلئے 1974 میں قومی اسمبلی کی قراردار کی روشنی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ آج بھی اتفاق رائے اور مفاہمت کی ضرورت کو محسوس کیا جا رہا ہے۔ یکساں مذہبی تہوار نہ ہونے پر علماء کرام تنقید کا نشانہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اس مسئلے پر ملی یکجہتی اور قومی مفاہمت کیلئے سرگرم عمل ہے۔ ہم رویت کے حوالے سے تصادم اور اختلاف کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آج کے اجلاس میں رویت ہلال کیلئے شہادت کے طریقہ کار، شہادت کے انتظار کی مدت اور جدید الات کے استعمال پر تمام صوبائی محکمہ اوقاف اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ مکمل اتفاق رائے کیلئے نجی کمیٹیوں سے بھی تعاون کی درخواست کر رہے ہیں اور مشاورت کا یہ عمل جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ زونل کمیٹیوں کو مزید متحرک اور فعال بنایا جائے۔ مزید براں مرکزی، صوبائی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے رابطہ نمبرز کی مناسب تشہیر کی جائے۔ چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد بھی تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں اور مشاورت جاری رکھیں۔ اس ضمن میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور دیگر احباب وزارت کو قابل عمل تجاویز پیش کریں ۔ وزارت کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے بعد رویت ہلال پر قانون سازی مکمل ہو جائے۔ اجلاس میں سابق چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور ممبران کو انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شرکائے اجلاس نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو یکساں اسلامی تہواروں پر اتفاق رائے کی کوششوں کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں