سی پی این ای کا ”پنجاب استحقاق بل 2021ء” سے میڈیا مخالف شقوں کو ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم

سی پی این ای کا ”پنجاب استحقاق بل 2021ء” سے میڈیا مخالف شقوں کو ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے متنازعہ شقوں کے خاتمے کا اعلان قابل تحسین ہے’ عارف نظامی

متنازعہ بل کی منظوری سے عامل صحافیوں اور میڈیا کارکنو ں میں شدید تشویش اور سراسیمگی پھیل گئی تھی

صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ضمن میں جرمانے اور سزائیں غیر آئینی ہیں’ صدر سی پی این ای

لاہور (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے آزادی اظہار کے منافی اور انتہائی متنازعہ ترامیم پر مبنی ”پنجاب استحقاق بل 2021ء” سے میڈیا مخالف شقوں کو ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے اپنے بیان میں متنازعہ شقوں کے خاتمے کے اعلان پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی اور گورنر پنجاب محمد سرور کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مخالف قوانین آئین پاکستان کی آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے سے متعلق بنیادی شقوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ پنجاب اسمبلی سے انتہائی متنازعہ بل کی منظوری سے عامل صحافیوں اور میڈیا کارکنوں میں شدید تشویش اور سراسیمگی پھیل گئی تھی۔ سی پی این ای نے صحافیوں، میڈیا کارکنوں اور دیگر میڈیا تنظیموں کے ساتھ ”پنجاب استحقاق بل 2021ء” کی منظوری کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پی این ای صحافی برادری کی بقاء کے لئے پاکستان کے آئین سے متصادم کسی بھی قانون کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔ ملکی قانون اور آئین پاکستان آزادی اظہار اور میڈیا کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اسی اثناء میں حکومت پنجاب کا ”پنجاب استحقاق بل 2021ء” پر نظرثانی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں