کراچی ( ) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی درخواست پر سندھ حکومت کے ذمہ اخباری اداروں کے جنوری 2019ء تا جون 2020ء تک کے واجبات کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کی کاروائی کی آج سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد جنید غفار اور جسٹس محترمہ راشدہ اسد پر مشتمل ڈویژن بنچ نے عدالت کے واضح احکامات کے باوجود سی پی این ای کے اراکین کے اخبارات کو ادائیگیاں نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران حکومت سندھ کے فنانس سیکریٹری اور انفارمیشن سیکریٹری کی جانب سے عدالت میں تقریباً 5کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگیوں کے چیک کی فہرست جمع کراتے ہوئے بقیہ واجبات بھی جلد ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر عدالت نے فوری طور پر تمام ادائیگیوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت 23 جون 2021ء تک ملتوی کر دی۔ آج کی سماعت پر حکومت سندھ کی جانب سے سیکریٹری اطلاعات اعجاز حسین بلوچ، انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے دیگر افسران اور فنانس ڈپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے جبکہ سی پی این ای کی جانب سے ڈاکٹر جبار خٹک، اعجازالحق سمیت سی پی این ای کے بڑی تعداد میں اراکین بھی موجود تھے۔ سی پی این ای کی پیروی جمیل رضا زیدی اور محمد اظہر فریدی ایڈووکیٹس نے کی۔
