85

چشمہ بیراج میں کشتی الٹ گئی 8افراد کو زندہ نکال لیا 2 ڈوبے نوجوانوں کی تلاش کے لئے پاک فوج کے غوطہ خوروں کی ٹیم بھی پہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان( ) چشمہ بیراج پکنک کی غرض سے آنیوالے لکی مروت سے تعلق رکھنے والے نوجوانوںکی کشتی تیز ہوا اور آندھی کے باعث ملاح سے بے قابو ہوکر چشمہ بیراج میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار تمام افراد چشمہ بیراج میں ڈوب گئے، مقامی افراد اور ریسکیو1122 میانوالی کے غوطہ غوروں نے 8افراد کو پانی سے زندہ نکال لیا، 2نوجوان تاحال لاپتہ، تلاش کیلئے ریسکیو1122 کے اہلکاروں کی مدد کیلئے پاک فوج کے غوطہ خوروں کی ٹیم بھی پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق لکی مروت سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کا ایک گروپ چشمہ بیراج پر قائم ایک نجی ریسٹ ہائوس کے منیجرمحمد سلیمان ولد فیض اللہ مروت سکنہ ٹانک کی دعوت پر پکنک منانے کیلئے چشمہ بیراج گیا ہوا تھا اس دوران تفریح کیلئے آئے نوجوان شیر دل ولد محمد اشرف قوم جائی سکنہ سرداری والا نامی شخص کی پرائیویٹ کشتی میں بیراج کی سیر کیلئے گئے جہاں تیز آندھی کے باعث کشتی کے تختے کھل جانے سے کشتی الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میںنور اسلم ولد حکیم خان، محمد عرفان ولد عبدالائق، احمد رشید ولد دولت خان، حزب اللہ ولد گل تیازخان، محمد ابرار ولد بازید خان، عارف اللہ ولد یوسف خان، شوکت سلیم ولد سلیم خان، تعریف اللہ ولد عصمت اللہ خان، نعمان رشید ولد دولت خان، سجاد اسلم ولد شیر اسلم اقوام مچن خیل مروت سکنائے لکی مروت بیراج میں ڈوب گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے اپنی مدد آپ امداد کاروائیاں شروع کردیں جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عارف اللہ اعوان کے رابطہ پر ڈپٹی کمشنر میانوالی کی ہدایت پر میانوالی سے ریسکیو1122کے غوطہ خور بھی موقع پر پہنچ گئے اور فوری امداد کاروائیوں میں 8فراد کو پانی سے نکال کر بیہوشی کی حالت میں طبی امداد فراہمی کیلئے چشمہ اٹامک ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ڈوبنے والے دو نوجوان نور اسلم اور عرفان تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو1122 میانوالی کے غوطہ خوروں کی مدد کیلئے پاک فوج کے غوطہ خوروں کا خصوصی دستہ بھی پہنچ گیا ہے اور آخری اطلاعات تک لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں