صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال ایل آر ایچ میں کھلے آسمان تلے بچے کی پیدائش شرمناک ہے، ثمر ہارون بلور
کورونا کی وبائی صورتحال نے خیبر پختونخوا میں صحت کے انصاف کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے
اے این پی بارہا مطالبہ کرچکی ہے کہ ہسپتالوں سے متعلق فہرست عوام کے ساتھ شیئر کریں
عوام کو بتایا جائے کہ صوبے کے کس ہسپتال میں کیا خدمات فراہم کی جارہی ہیں
آئین کی رو سے شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے
عمران خان نےاپنے کزن نوشیروان برکی کے ہاتھوں صحت کے شعبے کا ستیاناس کردیا ہے
ایم ٹی آئی کےذریعے خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا گیاہے
صوبہ بھر میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں جو مالی اور انتطامی بحران کا شکار نا ہو
کے ٹی ایچ میں آکسیجن کی کمی کے باعث معصوم جانیں ضائع ہوئی لیکن کوئی جامع رپورٹ سامنے نہیں آئی
ایل آر ایچ میں اربوں کی کرپشن کا انکشاف ہوا لیکن کوئی تحقیقاتی ادارہ حرکت میں نہیں آیا
صحت کے شعبے میں اس طرح کی مجرمانہ غفلت لوگوں کی صحت سے کھیلنے کے مترادف ہے
ایل آر ایچ میں وارڈ کے سامنے بچے کی پیدائش کی وائرل تصویر پر ردعمل
پشاور( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ کورونا کی وبائی صورتحال نے خیبر پختونخوا میں صحت کے انصاف کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ سوشل میڈیا پرپشاور کے سب سےبڑے ہسپتال ایل آر ایچ میں گائنی وارڈ کے سامنے بچے کی پیدائش کی وائرل تصویر پر ردعمل دکھاتے ہوئے اے این پی کی صوبائی ترجمان نے کہا کہ صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال میں کھلے آسمان تلے بچے کی پیدائش شرمناک ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی بار بار مطالبہ کرچکی ہے کہ حکومت ہسپتالوں اور ان کی سروسز سے متعلق فہرست عوام کے ساتھ شیئر کریں اور عوام کو بتایا جائے کہ صوبے کے کس ہسپتال میں کیا خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کی رو سے شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تبدیلی سرکار میں ریاست اور حکومت اپنی یہ ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہی ہے ۔ ایم ٹی آئی کےذریعے خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا گیاہے۔عمران خان نےاپنے کزن نوشیروان برکی کے ہاتھوں صحت کے شعبے کا ستیاناس کردیا ہے۔ صوبہ بھر کے ہسپتالوں کا نظام امریکہ سے سکائپ کے ذریعے چلایا جارہا ہے اور صوبہ بھر میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں جو مالی اور انتطامی بحران کا شکار نا ہو۔کے ٹی ایچ میں آکسیجن کی کمی کے باعث معصوم جانیں ضائع ہوئيں لیکن اس سانحے کی شفاف تحقیقات کی کوئی جامع رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ ایل آر ایچ میں اربوں کی کرپشن کا انکشاف ہوا لیکن کوئی تحقیقاتی ادارہ حرکت میں نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں کوئی ادارہ اور محکمہ ایسا نہیں بچا جو تباہی سے دوچار نا ہوا ہو۔ صحت کے شعبے میں اس طرح کی مجرمانہ غفلت لوگوں کی صحت سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ تبدیلی کے دعویدار وں کے جھوٹے وعدے اور دعوے ایک ایک کر کے عوام کے سامنے آرہے ہیں۔ صوبہ کے عوام موجودہ حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
