مظفرآباد آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات جوڑ توڑ شروع، آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمدخان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی اتحاد کے حوالے سے کوئی واضح جواب نہ ملنے پر مایوس ہو کر آمدہ انتخابات میں اتحاد کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی قیادت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد کیلئے آخری کوششیں بھی دم توڑ گئی ہیں اور پی ٹی آئی سے مایوس ہو کر مسلم کانفرنس کی قیادت نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سے اتحاد کیلئے رابطہ کر لیا ہے۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات خان کی مسلم کانفرنس میں شمولیت سے جو عوامی پزیرائی ملی تھی اس سے مسلم کانفرنس کی قیادت برقرار نہیں رکھ سکی۔ پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے بھی اعتماد کیلئے مسلم کانفرنس کی قیادت کے رابطے کی تصدیق کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق آزادکشمیر سے پیپلزپارٹی کے کچھ رہنما اس اتحاد کی مخالفت کررہے ہیں۔
