*این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط*
*راولپنڈی: 10 مارچ، 2023:* کاروباری طبقے کو معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے نیشنل لاجسٹکس سیل اور دنیا کی سب سے بڑی بندرگاہوں اور لاجسٹکس آپریٹر ڈی پی ورلڈ نے جمعہ کو مفاہمت کی یادداشت پر
دستخط کئے۔
مفاہمت کی یاداشت پر ڈائریکٹر جنرل این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ سلطان احمد بن سلیم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے سینئر حکام، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندگان اور
معروف کمپنیوں کے اعلٰی عہدیداران موجود تھے۔
مفاہمت کے تحت، ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ مفاہمت نامے میں جن شعبوں کا احاطہ کیا گیا ان میں بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ جیسے کنٹینر اور بلک ٹرمینلز، رول آن/رول آف (RORO) خدمات، خشک بندرگاہیں، اندرون ملک کنٹینر ڈپو، ریل اور ٹرکنگ کے علاوہ این ایل سی کے زیر انتظام ہمسایہ ممالک کے
ساتھ باڈر ٹرمینل پرجدید سہولیات شامل ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل این ایل سی نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت سے پاکستان کی لاجسٹکس صنعت میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا ساتھ ساتھ
کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
ڈی پی ورلڈ کے سربراہ نے این ایل سی کے کردار خاص طور پر بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ (TIR) کے تحت علاقائی رابطوں کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے وسطی ایشیا کے لئے ایک اہم ترین راہداری ہے۔ ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے درمیان ممکنہ شراکت سے تاجر برادری کو وسطی ایشیا ئی ریاستوں تک تجارتی سامان کی بروقت رسائی ممکن
ہوگی۔