تہران، افغان وزیر خارجہ کی اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات

تہران، افغان وزیر خارجہ کی اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات

کابل ( الامارہ) افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے آج تہران میں ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سلامتی کے امور، پانی اور مہاجرین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو اہم قرار دیا اور کئی شعبوں میں تعاون کی توسیع کو دیکھتے ہوئے سفارتی تعلقات کی سطح بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں مولوی امیر خان متقی نے افغان مہاجرین کی میزبانی پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اپنے مہاجر ہم وطنوں کو اپنے وطن میں دوبارہ آباد ہونے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے ایرانی فریق پر زور دیا کہ وہ افغان مہاجرین کی واپسی میں تدریجی اصول پر غور کرے۔ افغان
وزیر خارجہ نے ایران کے ساتھ ایران میں افغان قیدیوں کی رہائی اور سہولیات کے بارے حکام بالا سے اس جانب توجہ دینے کی درخواست کی ۔

افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اپنے دوطرفہ تعلقات کے ایک نئے دور میں آہستہ آہستہ پیش رفت کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تعلقات توسیع کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی بتدریج اور باوقار طریقے سے ہونی چاہیے اور ایران میں افغان مہاجرین کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں