سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفقیق افغان وفات پاگئے،
کراچی: پاکستان کے نامور صحافی، روزنامہ امت کراچی کے چیف ایڈیٹر اور ہفت روزہ تکبیر کے مدیر اعلی رفیق افغان پیر کی علی الصبح کراچی میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 64 برس تھی۔ رفیق افغان گزشتہ ایک ہفتے سے کلفٹن کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں کورونا کی وجہ سے زیرعلاج تھے، طبعیت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیاگیا۔ پیر کی علی الصبح وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹے حمزہ افغان اور اسدافغان کو سوگوار چھوڑا ہے۔ رفیق افغان پاکستان کے نامور صحافی، لکھاری اور ہفت روزہ تکبیر کے بانی صلاح الدین شہید کے داماد تھے۔ رفیق افغان ایک بہترین منتظم ہونے کے علاوہ نامور صحافی بھی تھے۔ انہوں نے تحقیقی صحافت میں بڑا نام پیدا کیا۔ جہاد افغانستان کے حوالے سے انہوں نے رپورٹنگ میں خصوصی نام پیدا کیا۔ اس کے علاوہ کراچی کے مسائل، تعصبات کے خلاف وہ عمر بھر قلمی محاذ پر سرگرم عمل رہے۔ وہ دائیں بازو کی سوچ رکھنے اور پاکستان سے نظریاتی محبت اور مضبوط وابستگی رکھنے والی سربرآوردہ شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔
کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے کونسل کے سینئر رکن، ممتاز صحافی اور روزنامہ امت گروپ کے ایڈیٹر انچیف رفیق افغان کے انتقال پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں سی پی این ای کے سینئر نائب صدر علی کاظم وحید، قائم مقام سیکریٹری جنرل عامر محمود، نائب صدور سردار خان نیازی، اکرام سہگل، ارشاد احمد عارف، انور ساجدی، ڈاکٹر حافظ ثنا اللہ خان، سابق سیکریٹری جنرل اعجازالحق، ڈاکٹر جبار خٹک، جوائنٹ سیکریٹری غلام نبی چانڈیو، طاہر فاروق، عارف بلوچ، تنویر شوکت، شکیل احمد ترابی، فنانس سیکریٹری سید حامد حسین عابدی، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرحمان منگریو سمیت تمام اراکین نے سی پی این ای کے سینئر رکن ممتاز صحافی اور روزنامہ امت گروپ کے ایڈیٹر انچیف جناب رفیق افغان کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگواران کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے اپنے تعزیتی بیان میںکہا ہے کہ رفیق افغان انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار میڈیا کی آزادی اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہنے والے نڈر اور بہادر شخص تھے۔ انہوں نے صحافتی میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ رفیق افغان کی وفات سے صحافی برادری انتہائی غمگین ہے۔
سابق وزیراعظم کے مشیر اور سینٹ کی مجلس قائمہ تعلیم کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی کا سینئر صحافی اور روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کی وفات پر اظہار افسوس
صحافت اور معاشرہ ایک پختہ کار نظریاتی اور بہادر صحافی سے محروم ہوگیا ہے
رفیق افغان نے شہید صحافت صلاح الدین کے صحافتی مشن کو قابل رشک انداز میں آگے بڑھایا
رفیق افغان ایک منجھے ہوئے صحافی، تجربہ کار مدیر ہی نہیں تھے بلکہ بہترین منتظم بھی تھے
صحافتی میدان میں ایک نئے روزنامے کا اجرا اور ملک بھر میں اس کی کامیاب اشاعت ان کی قابلیت کا مظہر ہے
ان سے ایک دیرینہ ذاتی تعلق تھا، ان کی وفات ایک بڑا نقصان ہے
ان کی معاشرے اور صحافت کے لئے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین
مرحوم رفیق افغان تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے پاسبان تھے۔ان کی رحلت عظیم سانحہ ہے۔تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان
مرحوم رفیق افغان نے تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے ہماری ہر کاوش کی دل و جان سے حمایت کی۔وہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار رہتے تھے۔جنرل سیکریٹری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(اسلام آباد)تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان نے روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم رفیق افغان تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے پاسبان تھے،ان کی رحلت عظیم سانحہ ہے،ان کی رحلت سے پیداء ہونے والا خلا پر نہیں ہوسکتا،ہم مرحوم کے ورثاء و لواحقین کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں شریک ہیں،اللہ تعالی مرحوم رفیق افغان کو غریق رحمت فرماتے ہوئے ان کے ورثاء و لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ نے روزنامہ امت کے چیف ایڈیٹر رفیق افغان کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رحلت کو عظیم سانحہ قرار دیا ہے۔جنرل سیکریٹری تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان حافظ احتشام احمد کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ”مرحوم رفیق افغان کی رحلت عظیم سانحہ ہے۔مرحوم رفیق افغان تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے پاسبان تھے۔انہوں نے تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے ہماری ہر کاوش کی دل و جان سے حمایت کی۔وہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے تھے۔ان کی سرپرستی میں روزنامہ امت جس طرح سے تحفظ ختم نبوت ﷺ و تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے لئے آواز بنا،اسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرحوم رفیق افغان کی رحلت سے پیداء ہونے والا خلا پر نہیں ہوسکتا۔ہم مرحوم رفیق افغان کے ورثاء و لواحقین کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں شریک ہیں۔دعاء ہے کہ اللہ تعالی مرحوم رفیق افغان کو غریق رحمت فرماتے ہوئے ان کے ورثاء و لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے”۔z