عمران خان اور تحریک انصاف سے متعلق تمام مقدمات سے چیف جسٹس پاکستان کے الگ ہو جانے کے پی ٹی آئی کی خود ساختہ کور کمیٹی کے مطالبے کا نوٹس لیں، بانی راہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر کی سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست
اسلام آباد: یکم جون
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ پی ٹی آئی کی خود ساختہ کور کمیٹی کے عمران خان اور تحریک انصاف سے متعلق تمام مقدمات سے چیف جسٹس پاکستان کی علیحدگی کے مطالبے کا نوٹس لیں۔
ہفتہ کو اپنے بیان میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پی ٹی آئی پچھلے پانچ سالوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت کے اندر انتخابات نہ کرانے کی وجہ سے اس وقت کور کمیٹی سمیت پی ٹی آئی کی تمام کمیٹیاں اور عہدے دار خود ساختہ ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
اکبر بابر نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کی کہ ایک غیر قانونی کمیٹی کے غیر قانونی مطالبے کا نوٹس لیا جائے اور خود ساختہ عہدے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی اپنا مطالبہ دوہرایا کہ پی ٹی آئی کی قانونی حیثیت بحال ہونے اور قانونی طور پر عہدے داروں کے انتخاب تک پی ٹی آئی کا نام اور تمام اثاثے بشمول پی ٹی آئی بینک اکاؤنٹس کے غیر قانونی استعمال پر فی الفور پابندی لگائی جائے جس سے متعلق ان کی تحریری درخواست 5 مارچ 2024 سے زیرالتوا ہے۔